ابوجا:11/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نائیجیریا میں حکام اور عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ایک چرچ کی چھت منہدم ہونے سے وہاں موجود کم از کم 60افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ہفتہ کو ریاست اکوا ابوم کے مرکزی شہر اویو کے ریئگنرز بائبل چرچ میں ایک تقریب جاری تھی جس میں اطلاعات کے مطابق سیکڑوں افراد شریک تھے کہ اچانک اس کی چھت گر گئی۔شرکا میں ریاست کے گورنر اودوم امینئیول بھی موجود تھے لیکن وہ محفوظ رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چرچ کی تعمیر پوری طرح سے مکمل نہیں ہوئی تھی اور اسے مبینہ طور پر تقریب کے لیے جلد بازی میں تیار کیا گیا۔ہفتہ کو دیر گئے 60افراد کی لاشیں یہاں سے نکالی جا چکی تھیں لیکن خدشہ ہے کہ اب بھی لوگ ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
گورنر کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ریاستی حکومت اس معاملے کی مکمل تحقیقات کروائے گی اور اس بات کا بھی تعین کیا جائے گا کہ آیا عمارت کی تعمیر میں تو کوتاہی نہیں برتی گئی۔نائیجیریا میں عمارتوں کے انہدام کے واقعات غیر معمولی نہیں ہیں جن کی عمومی وجہ اکثر ناقص تعمیراتی مواد اور غیر قانونی انداز میں طرز تعمیر بتائی جاتی ہے۔2014ء میں ملک کے تجارتی مرکز لاگوس میں ایک چرچ کی عمارت گرنے سے 116افراد ہلاک ہوگئے تھے۔